مودی سرکار نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی منظوری دیدی، بھارتی میڈیا

کرکٹ سیریز کی منظوری پی سی بی چیر مین شہر یار خان کی بھارتی وزیر خزانہ سے ملاقات کے بعد دی گئی،پاک بھارت کرکٹ سیریز رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہوگی، سیریز میں 2 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور3 ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے

بدھ 13 مئی 2015 21:01

مودی سرکار نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی منظوری دیدی، بھارتی میڈیا

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء ) مودی سرکار نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریزکی منظوری دیدی۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیر مین شہر یار خان کی بھارتی وزیر خزانہ سے ملاقات کے بعد دی۔ ملاقات میں بھارتی وزیر خزانہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کو بتایا کہ حکومت کو پاک بھارت کرکٹ سیریز پر کوئی اعتراض نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پاکستان سے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کرکٹ ڈپلومیسی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے پاک بھارت کرکٹ سیریز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ پاکستان کے ساتھ اس لیے کرکٹ سیریز شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں۔واضح رہے کہ پاکستان رواں سال دسمبر میں ہونے والی سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کرے گا، سیریز میں 2 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور3 ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

وقت اشاعت : 13/05/2015 - 21:01:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :