دورہ پاکستان کی منسوخی کا فی الحال حتمی فیصلہ نہیں کیا ، ترجمان زمبابوین کرکٹ بورڈ

جمعرات 14 مئی 2015 21:41

دورہ پاکستان کی منسوخی کا فی الحال حتمی فیصلہ نہیں کیا ، ترجمان زمبابوین کرکٹ بورڈ

ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14مئی ۔2015ء ) زمبابوین بورڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے اعلان کے صرف 15 منٹ بعد ہی ایک دوسرا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس پر اعلیٰ سطح پر مزید بات چیت کی جارہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں دارے سے گفتگو میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کے ترجمان لومورے بانڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دورے سے متعلق ابھی مشاورت جاری ہے اورفی الحال دورہ منسوخ نہیں کیا گیا جب کہ اس حوالے سے زمبابوے کرکٹ بورڈ اور حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

اس سے قبل زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی کا فیصلہ ملک کی سپریم اسپورٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایت کے بعد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے زمبابوے کی سپورٹس اینڈ ریکریشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل چارلس نیماچینا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودہ سکیورٹی صورت حال کے باعث زمبابوے کرکٹ بورڈ کو ہدایت جاری کی ہے کہ اس صورتحال میں فی الحال ٹیم کا پاکستان کا سفر ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو 19 مئی کو دورہ پاکستان پر لاہور پہنچنا ہے جہاں ٹیم نے دورے کے دوران 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے کھیلنے ہیں جس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وقت اشاعت : 14/05/2015 - 21:41:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :