چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا فیصلہ، آئی سی سی کا اجلاس ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا

پی سی بی کل اجلاس میں اپنا بیانیہ پیش کرے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 نومبر 2024 16:14

چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا فیصلہ، آئی سی سی کا اجلاس ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 نومبر 2024ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے متعلق فیصلے کے لیے اہم اجلاس کل تک کے لیے ملتوی ہوگیا۔ 
ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا ہےکہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستانی ٹیم آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے کے لیے نہیں اترے گی۔ 
اُدھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے اسپانسرز اور پیسے کا رعب دکھاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ کروانے کے لیے مجبور کرے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے قبل ہی ٹرافی کا قابل قبول فارمولا طلب کیا تھا۔ 
اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی عزت پر بات نہیں آنے دیں گے۔ پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے تمام انتظامات تقریباً مکمل کرچکا ہے اور حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے لیے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہوچکی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک کی وجہ سے معاملات بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 29/11/2024 - 16:14:53