چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار، بھارت بھی بھاری قیمت چکائے گا

پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر اس شرط پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ 2027ء تک بھارت میں ہونیوالے مینز ،ویمنز مقابلے اسی ماڈل کے تحت کھیلے جائیںگے، یوں بی سی سی آئی کو بھی پاک بھارت میچز سے کمانے کا موقع نہیں مل سکے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 دسمبر 2024 12:57

چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار، بھارت بھی بھاری قیمت چکائے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 دسمبر 2024ء ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان بھیجنے سے انکار کرنے والے بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کو بھی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ 
 بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر چیمپئنز ٹرافی پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم شرط عائد کی ہے کہ 2027ء تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز اور ویمنز مقابلے بھی اسی ماڈل کے تحت کھیلے جائیں گے، جس سے بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کو بھی پاک بھارت میچز سے کمانے کا موقع نہیں مل سکے گا۔

 
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی رضامندی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے 7 دسمبر کو فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی میٹنگ منسوخ ہونے کے بعد جے شاہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں معاملات طے پائے ہیں۔

(جاری ہے)

 
قبل ازیں پاکستان نے 2031ء تک بھارت میں شیڈول تمام مقابلوں کےلیے ہائبرڈ ماڈل کا مطالبہ کیا تھا جس پر بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے ناراضی کا اظہار کیا تھا لیکن پاکستان اپنے موقف پر قائم رہا جبکہ اب تجویز دی گئی ہے کہ 2027ء ایونٹس کےلیے دبئی کو پاک بھارت میچز کا سینٹر بنایا جائے گا۔

 
اس مدت کے دوران بھارت رواں سال اکتوبر میں ویمنز ون ڈے ورلڈکپ اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر 2026ء کے ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔ معاملات طے پانے کی صورت میں پاکستان اپنے میچز مشترکہ میزبان سری لنکا یا دبئی میں اپنے میچز کھیلے گا۔
وقت اشاعت : 06/12/2024 - 12:57:28