چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں نورپور لائنز کی پہلی کامیابی

بدھ 11 دسمبر 2024 17:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2024ء) چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں نورپور لائنز نے لیک سٹی پینتھرز کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے 124 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ امام الحق 45 اور حسن نواز 44 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ لائنز کے شاہد عزیز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں ۔

انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ بدھ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں نورپور لائنز کے کپتان امام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ۔ لیک سٹی پینتھرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.2 اوورز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

(جاری ہے)

دانش عزیز 34 جبکہ عمر صدیق اور حیدر علی 26 ، 26 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

شرجیل خان 5 ، کپتان شاداب خان 8 ، مبصر خان ایک ، عماد بٹ 3 ، اسامہ میر 7 ، محمد ابرار 4 اور محمد ابتسام بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔ لائنز کی جانب سے شاہد عزیز سب سے کامیاب باؤلر رہے ۔ انہوں نے 20 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں ، موسیٰ خان اور خوشدل شاہ نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جواب میں نورپور لائنز نے مطلوبہ ہدف 14.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ امام الحق نے 45 اور حسن نواز نے 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ شاہ زیب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، پینتھرز کی جانب سے واحد وکٹ مبصر خان نے حاصل کی ، لائنز کے شاہد عزیز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
وقت اشاعت : 11/12/2024 - 17:04:16