نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کی جانب سے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا

جمعرات 12 دسمبر 2024 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2024ء) نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کی جانب سے کیش ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے میڈلز جیتنے والے دونوں کھلاڑیوں شاہ فیصل اور سہیل کی نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور صوبے کا نام روشن کرنے پر انھیں خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی اسلام آباد میں منعقدہ قائد اعظم گیمز میں بھی وہ اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت میڈلز اپنے نام کریں گے۔

اس موقع پر صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ، ڈی جی سپورٹس عبدالناصر، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو ابھارنے اور صوبے سے تعلق رکھنے والے وہ کھلاڑی جو ملک اور صوبے کا نام روشن کررہے ہیں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے کیونکہ یہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قائد عمران خان کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن کوششیں کررہی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی اس شعبے پر خصوصی توجہ رکھتے ہیں کیونکہ ہمارے یہ دونوں قائدین سپورٹس مین رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ہر کھیل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔سید فخرجہان نے کہاکہ قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخوا کا دستہ بھرپور شرکت کریگا جس کیلئے تربیتی کیمپس قیوم سپورٹس کمپلیکس کے مختلف مقامات پر جاری ہیں اور امید ہے کہ قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخواکادستہ شاندارکارکردگی کا مظاہرہ پیش کریگا۔

آخر میں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے انعامی چیک حوالے کئے جس پر صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 12/12/2024 - 19:10:12