قائد اعظم انٹر پراونشل گیمز 2024 میں شرکت کیلئے خیبر پختونخوا کا دستہ روانہ

جمعہ 13 دسمبر 2024 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2024ء)قائد اعظم انٹر پراونشل گیمز 2024 میں شرکت کیلئے خیبر پختونخوا کا 374 رکنی دستہ پشاور سپورٹس کمپلیکس سے روانہ ہوگیا۔پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد میں 19 دسمبر تک کھیلے جانے والے ان کھیلوں میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے کھلاڑی مردوں کے پندرہ اور خواتین کی گیارہ کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

جمعہ کے روز خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نیان تمام کھلاڑیوں کے دستے کو رخصت کیا اور انکی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔روانگی سے قبل پشاور سپورٹس کمپلیکس کی سپورٹس ارینہ ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان تھے۔

(جاری ہے)

انکے ساتھ ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ محکمہ کھیل عزیز اللہ جان،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس شاہ فیصل اور تمام گیمز کے منیجرز اور کوچز بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا کی تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انھوں نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے صوبے کا نام روشن کرنا ہے۔انھوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ کھیل کے تحت ان گیمز میں صوبے کے گولڈ میڈل،سلور میڈل اور برونز میڈل جیتنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے ان بچوں، جنھوں نے ان گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا انھیں ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا۔تقریب میں بچوں نے صوبائی وزیر کے اس اعلان پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر موصوف کو یقین دلایا کہ انشاللہ تمام گیمز میں صوبے کی کارکردگی نمایاں ہوگی۔تقریب کے آخر میں اجتماعی دعا کی گئی جس میں صوبائی وزیر نے پورے دستے کی بخیر وعافیت روانگی و پہنچنیاور وہاں پر بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے دعا کی۔واضح رہے کہ آج بروز ہفتہ 14 دسمبر کو ان کھیلوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جس میں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان صوبے کی نمائندگی کریں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر صوبے کے دستے کی قیادت کریں گے۔
وقت اشاعت : 13/12/2024 - 23:07:46