دوسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف

صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ، 98 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 13 دسمبر 2024 22:43

دوسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف
سنچورین (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 دسمبر 2024ء ) 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 
جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں جاری میچ میں پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ 
اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کی، وہ 57 گیندوں پر 98 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ 
اس کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 11، بابر اعظم 31، عثمان خان 3 اور طیب طاہر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 
عرفان خان نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ عباس آفریدی 4 گیندوں پر 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

 
جنوبی افریقا کی جانب سے گیلیم اور بارٹ میں نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
پاکستانی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سفیان مقیم کی جگہ جہانداد خان آج کا میچ کھیل رہے ہیں۔

رضوان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ ان کے علاوہ ٹیم میں صائم ایوب، بابراعظم، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ اسی طرح حارث رؤف، جہانداد خان اور ابرار احمد کو بھی پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 
جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ تیسرا ٹی 20 میچ 14 دسمبر، پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں ہوگا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔
وقت اشاعت : 13/12/2024 - 22:43:57