پاکستان شاہینز اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین روزہ وارم اپ میچ ڈرا

اتوار 12 جنوری 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2025ء) پاکستان شاہینز اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اسلام آباد کلب گراؤنڈ میں تین روزہ وارم اپ میچ ڈرا ہو گیا، 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز نے میچ کے تیسرے اور آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 30 اوورزمیں 2 وکٹوں پر 128 رنز بنا ئے، اوپننگ بلے باز محمد ہریرہ، جو ٹیسٹ سکواڈ کا بھی حصہ ہیں نے 80 گیندوں پر 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 80 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 212 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی اور اسے 134 رنزکے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 40 اوورز تک بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 177 رنز بنائے اور شاہینز کو ایک مشکل ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن تھا لیکن ایلک ایتھاناز (ناٹ آؤٹ 58) اور ٹیون املاچ (ناٹ آؤٹ 57) نے چھٹی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 104 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مستحکم پوزیشن دلوائی۔پاکستان شاہینز کی جانب سے موسیٰ خان نے صرف 5 رنز کے عوض 2 اورعلی رضا نے بھی 32 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز کا ٹیسٹ سکواڈ اب ملتان جائے گا جہاں اس کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعہ 17 جنوری سے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 12/01/2025 - 22:10:09