پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے کھلاڑی سیکھنے کی بہت جستجو رکھتے ہیں،رائن سائیڈبوٹم

جمعہ 24 جنوری 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر رائن سائیڈ بوٹم نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ یہاں کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور کھلاڑی سیکھنے کی بہت جستجو رکھتے ہیں۔ پی سی بی کے سابق انگلش فاسٹ باؤلر رائن سائیڈ بوٹم نے گزشتہ روز کرکٹ کوچنگ پروجیکٹ جوائن کر لیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔

ان کا کہنا ہے کہ 20 سال قبل پاکستان آیا تھا۔ یہاں کے لوگ اور کھانا بہت اچھا ہے۔ سائیڈ بوٹم نے کہا کہ پاکستان میں کوالٹی فاسٹ باؤلرز موجود ہیں اور یہاں کھلاڑی سیکھنے کی بہت زیادہ جستجو رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں صرف بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ ہی نہیں بلکہ کھیل کے دیگر پہلوؤں پر بھی کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

میری کوشش ہے کہ ہر نیٹ سیشن میں کھلاڑی خود کو چیلنج کریں ۔

لڑکے مجھ سے سوالات کرتے ہیں کہ کس طرح گیند پکڑنی ہے، کس طرح گیند سوئنگ کرنی ہے، میرے لیے بھی کوچ کی حیثیت سے یہ ایک اچھا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عظیم فاسٹ باؤلر پیدا کیے ہیں۔ وسیم اکرم میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں کیونکہ میں خود لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر ہوں۔ واضح رہے کہ کوچنگ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں انڈر 17 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ دوسرے راؤنڈ میں 19 کرکٹرز شرکت کریں گے ۔
وقت اشاعت : 24/01/2025 - 22:40:03