پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ ،او جی ڈی سی ایل کی ٹیم پہلی اننگز میں 80 رنز بنا کر آؤٹ

اتوار 26 جنوری 2025 18:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2025ء) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے پہلے روز او جی ڈی سی ایل کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف پہلی اننگز میں 80 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ رضوان علی 34 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ثمین گل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں غنی گلاس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 65 رنز کی برتری کے ساتھ 145 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کپتان سعد نسیم 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عامر خان نے چار اور مشتاق کلہوڑو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے کے آر ایل کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے ۔ عمیر بن یوسف نے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔

(جاری ہے)

یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں گیارہویں سنچری ہے۔ سیف اللہ بنگش 88 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ارشد اللہ نے چار اور جواد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں واپڈا کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلی اننگز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ خالد عثمان 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمار نے 59 رنز اسکور کیے۔ محمد اسماعیل اور زاہد محمود نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 23 رنز بنا لیے ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عبدالواحد 46 اور عبداللہ شفیق 34 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ابتسام رحمان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 144 رنز بنا لیے۔ شامل حسین 63 اور علی عثمان 8 رنز کے وکٹ پر موجود ہیں ۔
وقت اشاعت : 26/01/2025 - 18:50:04