پاکستانی ٹیم کی شارجہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو تربیتی کیمپ میں شرکت

اتوار 26 جنوری 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2025ء) پاکستانی ٹیم پانچ فروری تک جاری رہنے والے 11ویں شارجہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں موجوہے۔جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کیمپ میں روس، سعودی عرب، قازقستان، یوکرین، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان سمیت مختلف ممالک کی ٹیموں کو اکٹھا کیا گیا ہے، جس میں آنے والے دنوں میں مزید ممالک کی شمولیت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

کیمپ کے دوران پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سی ای او عمر سعید نے انجینئر سلیمان عبدالرحمٰن الحاجی ،شارجہ اسپورٹس کلب میں انفرادی کھیلوں کے چیئرمین اور کوچ عبداللہ حاتم سے ملاقات کی ۔ عمرسعید نے پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت اور شراکت کے لیے ان کی تعریف کی۔ 11 واں شارجہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو ٹریننگ کیمپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے، اعلیٰ سطح کے تربیتی سیشنز میں مشغول ہونے اور کھیل میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
وقت اشاعت : 26/01/2025 - 19:20:02