کوکین کا استعمال ، پی سی بی نے نوجوان سپنر رضا حسن پر دو سال کیلئے پابندی عائد کردی

پیر 25 مئی 2015 22:28

کوکین کا استعمال ، پی سی بی نے نوجوان سپنر رضا حسن پر دو سال کیلئے پابندی عائد کردی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوکین کے استعمال کے الزام میں نوجوان پاکستانی اسپنر رضا حسن پر دو سال کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق رضا حسن عرصہ پابندی کے دوران کسی بھی قسم کی کرکٹ میں حصہ لے نہیں لے سکیں گے اور نہ ہی کرکٹ سے متعلقہ کسی بھی سرگرمی کا حصہ بن سکیں گے۔ترجمان بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ رضا حسن کو اینٹی ڈوپنگ ایجوکیشن اور بحالی کے پروگرامز میں حصہ لینے کا موقع دے گا۔

واضح رہے کہ22 سالہ رضا حسن کا ڈوپ ٹیسٹ جنوری میں کراچی میں ہونے والے پنٹنگولر ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ایونٹ کے دوران مختلف کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کیے اور رضا کے ڈوپنگ نمونے کو ٹیسٹ کے لیے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی سے منظور شدہ ہندوستان کی لیبارٹری بھیجا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بورڈ کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے بعد یہ بات دیکھنی ہو گی کہ آیا رضا حسن کے خلاف قانونی چارہ جوئی یا پولیس کی تحقیقات بھی ہوتی ہیں یا نہیں کیونکہ پاکستان میں کوکین کا استعمال جرم ہے۔

یہ شاید کرکٹ میں کوکین کے استعمال کا پہلا واقعہ ہو لیکن اس سے پہلے متعدد عالمی کھلاڑیوں پر غیر قانونی ادویہ کے استعمال کی وجہ سے پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ایک اور پاکستان سپنر و سمیرسیٹ کے کھلاڑی عبدالرحمان پر بھی انگلش کاوٴنٹی کے دوران کینابس نامی دوا کے استعمال کی وجہ سے 12 ہفتوں کی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔اس کے علاوہ پاکستانی فاسٹ باوٴلر شعیب اختر اور محمد آصف کے ساتھ ساتھ آسٹریلین لیگ اسپنر شین وارن پر بھی غیر قانونی ادویہ کے استعمال کی وجہ سے پابندی لگ چکی ہے۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 22:28:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :