دوسرا ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ ٹیم کی انتظامیہ دو اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر تشویش میں مبتلا

بدھ 27 مئی 2015 13:52

دوسرا ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ  ٹیم کی انتظامیہ دو اہم کھلاڑیوں کی فٹنس پر تشویش میں مبتلا

لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27مئی۔2015ء) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل دو اہم ترین مڈل آرڈر کھلاڑیوں کی فٹنس پر تشویش کا شکار ہوگئی ہے ۔ آل راؤنڈر کورے اینڈرسن اور وکٹ کیپر بیٹسمین بریڈلے جان واٹلنگ لارڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے دوران انجری مسائل میں مبتلا ہوگئے تھے اور ان کی دوسرے میچ میں شرکت پر شکوک وشبہات کے گہرے باد ل چھائے ہوئے ہیں ۔

واضح رہے کہ بریڈلے جان واٹلنگ کو لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن گھٹنے میں تکلیف نے گھیر لیا تھا جس کے باعث وہ پورے میچ میں وکٹ کے عقب میں فرائض سر انجام دینے سے قاصر رہے تاہم انہوں نے اس میچ کے دوران ناٹ آؤٹ 61 اور 59رنز کی شاندار اننگز تخلیق کی تھیں۔ ان کی جمعے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا ففٹی ،ففٹی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

کورے اینڈرسن کو کمر میں درد کی شکایت ہے جس کے باعث وہ دوسری اننگز میں صرف تین اوورز کراسکے تاہم انہوں نے 67رنز کی اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کی جانب سے میچ بچانے کی بھرپور کوشش کی تھی ۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ بریڈلے جان واٹلنگ کو گھٹنے پر دباؤ دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فی الحال ان کی آئندہ میچ میں حصہ لینے کا امکان صرف پچاس فیصد ہے ۔دونوں کھلاڑیوں کی طبی حالت پر نظر رکھی جا ئے گی۔

وقت اشاعت : 27/05/2015 - 13:52:14