کاؤنٹی چیمپئن شپ 2025: نوٹنگھم شائر نے پاکستانی بولر محمد عباس کو سائن کر لیا

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس اس برس کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے لیے کھیلیں گے

جمعہ 7 فروری 2025 17:56

نوٹنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2025ء)کاؤنٹی چیمپئن شپ 2025ء کے لیے نوٹنگھم شائر نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کو سائن کر لیا۔پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس اس برس کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے لیے کھیلیں گے۔ 34 سالہ عباس ڈویژن ون میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے 6 کاؤنٹی چیمپئن شپ میچز میں حصہ لیں گے۔

وہ مئی میں ناٹنگھم شائر کی ریڈ بال ٹیم کا حصہ بنیں گے اور ستمبر میں چیمپئن شپ کے آخری مرحلے کے لیے ٹرینٹ برج واپس آئیں گے جو ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کا ہوم گراؤنڈ ہے۔محمد عباس نے 2017ء میں پاکستان کے لیے اپنا ڈیبیو کیا، وہ اب تک 27 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور 100 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دسمبر 2024ء میں 3 سال کے طویل وقفے کے بعد انہیں جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 میچوں کی سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں پہلے ٹیسٹ میں 6/54 کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے،اگرچہ وہ کئی سال سے پاکستان کی قومی ٹیم سے باہر رہے ہیں مگر محمد عباس نے اس دوران کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی سے بھرپور کامیابیاں سمیٹیں اور فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار انگلش کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

2018ء اور 2019ء میں انہوں نے لیسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے لیے کھیلتے ہوئے 2 سیزنز میں 79 وکٹیں حاصل کیں۔ 2019ء کے سیزن کے اختتام پر انہوں نے 2020ء کے سیزن کے لیے ناٹنگھم شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ معاہدہ کیا لیکن کوویڈ-19 کی وباء کے باعث وہ ٹیم کے لیے نہیں کھیل سکے۔ بعد ازاں2021 میں کوویڈ پابندیاں نرم ہونے کے بعد ہیمپشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے انہیں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔

نوٹنگھم شائر کرکٹ کلب کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں محمد عباس نے کہا کہ وہ بالآخر ٹرینٹ برج میں کھیلنے کا موقع ملنے پر نہایت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرینٹ برج کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک خاص جگہ ہے اس لیے اس گراؤنڈ کو اس سیزن میں اپنا گھر کہنا خوشی کی بات ہو گی خاص طور پر اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کہ میں 5 سال پہلے ناٹنگھم شائر کے لیے نہیں کھیل سکا تھا۔محمد عباس نے کہا کہ میں نے انگلش کرکٹ میں کھیلنے کا بے حد لطف اٹھایا ہے اور ناٹنگھم شائر کی ٹیم ایک زبردست مرحلے میں ہے، میں ان کی کامیابی میں کسی بھی طرح کا تعاون کرنے کے لیے بے حد پٴْرجوش ہوں۔
وقت اشاعت : 07/02/2025 - 17:56:29

متعلقہ عنوان :