قذافی سٹیڈیم کا افتتاح، ن لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھارتی سٹیڈیم کی ویڈیو شیئر، تنقید کے بعد پوسٹ ڈیلیٹ کر دی

ویڈیو میں دکھایا گیا سٹیڈیم درحقیقت بھارت کا نریندر مودی سٹیڈیم نکلا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 فروری 2025 20:18

قذافی سٹیڈیم کا افتتاح، ن لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھارتی سٹیڈیم کی ویڈیو شیئر، تنقید کے بعد پوسٹ ڈیلیٹ کر دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 فروری 2025ء ) پاکستان میں کرکٹ کے اہم ترین میدانوں میں شمار ہونے والے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے بعد اس کا افتتاح کر دیا گیا، تاہم اس موقع پر ایک دلچسپ تنازعہ بھی سامنے آیا جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک بھارتی اسٹیڈیم کی ویڈیو کو قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے طور پر شیئر کر دیا گیا۔

 
 
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ن لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا اسٹیڈیم درحقیقت بھارت کا نریندر مودی اسٹیڈیم نکلا۔ 
ویڈیو کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید شروع کر دی اور معاملے کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے حقائق سے منافی قرار دیا۔

(جاری ہے)

 
 
 
 
ن لیگی کارکنان اور کچھ صحافی بھی غیر ملکی اسٹیڈیم کی ویڈیوز شیئر کرتے رہے، جس پر مزید سوالات اٹھائے گئے ، تنقید کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی مگر اس کا اسکرین شاٹ اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی تھیں، جس سے حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

 
 
 
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری کیں، جس میں اسٹیڈیم کی جدید سہولیات، نئی پچز، فلڈ لائٹس اور شائقین کے لیے مزید آرام دہ نشستوں کے اضافے کا ذکر کیا گیا۔ 
وقت اشاعت : 08/02/2025 - 20:18:47