مشفیق الرحیم بنگلہ دیشی ٹیم کی خاطر بیٹنگ ،کیپنگ یا کپتانی چھوڑنے پر تیار

جمعرات 28 مئی 2015 12:43

مشفیق الرحیم بنگلہ دیشی ٹیم کی خاطر بیٹنگ ،کیپنگ یا کپتانی چھوڑنے پر تیار

ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مئی۔2015ء) بنگلہ دیشی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ اگر ٹیم مینجمنٹ مستقبل قریب میں تین میں سے ایک ذمہ داری سے الگ کرتی ہے توانہیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے گزشتہ دنوں کہا تھاکہ مشفق الرحیم پر بیٹنگ ، وکٹ کیپنگ اور قیادت کا بھاری بوجھ ڈال دیا گیا ہے جو کسی کھلاڑی کیلئے دباؤ کا باعث بنتا ہے لہٰذا معاملے کو کرکٹ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

مشفق الرحیم کی انگلی میں چوٹ نے بھی ان کی بنگال ٹائیگرز کیلئے تین ذمہ داریوں پر شکوک کے بادل ڈالے ہیں اور یہ فی الحال یقین سے نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ دس جون کو بھارت کیخلاف فتح اﷲ میں شروع ہونے والے واحد ٹیسٹ میں تینوں فرائض نبھائیں گے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جنوبی کوریا کی مشہور زمانہ الیکٹرونکس کمپنی کی جانب سے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کئے جانے کی تقریب کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر نہیں لیں گے کیونکہ یہ بنگلہ دیشی ٹیم کی بات ہے ، ٹیم مینجمنٹ کو بہترین سکواڈ کی سلیکشن سے متعلق اپنے منصوبوں کے تحت تمام معاملات میں حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ اس وقت کوچ موجود نہیں ہیں تاہم جب وہ واپس آجائیں گے تو مل بیٹھ کر معاملے پر مزید بات چیت کی جائے گی اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر کوئی حتمی فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کوچ دو سے تین دنوں میں بنگلہ دیش واپس آئیں گے اور پھر یہ دیکھا جائے گا کہ کھلاڑیوں کیلئے کون سا کامبی نیشن بہتر رہتا ہے اور خود ان کا ٹیم کیلئے میدان پر کیا کردار ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ماضی میں تینوں ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھا چکے ہیں اور یقین ہے کہ وہ اس میں کامیاب رہے ہیں جبکہ کسی نے بھی کوئی باتیں نہیں بنائیں۔ یہ ہو سکتا ہے کہ جب وہ عمر رسیدہ ہو جائیں تو اس بارے میں سوچیں ۔

وقت اشاعت : 28/05/2015 - 12:43:08