انگلش اوپنرز کی عمدہ بیٹنگ کے بعد کیوی بالرز کا بہترین کم بیک

اتوار 31 مئی 2015 12:56

انگلش اوپنرز کی عمدہ بیٹنگ کے بعد کیوی بالرز کا بہترین کم بیک

لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار31مئی ۔2015ء ) انگلش اوپنرز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد کیوی بالرز نے بہترین کم بیک کرکے لیڈز ٹیسٹ دلچسپ بنا ڈالا ہے ۔ ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو میٹ ہنری مزید 13رنز بٹورکر 27رنز پر داغ مفارقت دے گئے مگر مارک کریگ کا بیٹ رنز اگلتا رہا ۔ انہوں نے 15رنز تخلیق کرنے والے ٹرینٹ بولٹ کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے بیش قیمت 40رنز بنا کر کیوی ٹیم کے مجموعے کو 350رنز تک پہنچا دیا ۔

کریگ 41رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔ سٹورٹ براڈ انگلینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 109رنز کا خسارہ برداشت کر کے پانچ کھلاڑیوں کی میدان سے واپسی کا سامنا کیا۔ جیمز اینڈرسن اور مارک ووڈکو دو ، دو وکٹوں کا بٹوارا کرنا پڑا جبکہ بین سٹوکس کے ایک ہی شکار ہاتھ آسکا۔

(جاری ہے)

جواب میں ایڈم لتھ اور کپتان الیسٹر کک کی 177رنز کی اوپننگ شراکت سے انگلینڈ نے خطرناک عزائم ظاہر کئے ۔

اس دوران ایڈم لتھ کو پہلی ٹیسٹ سنچری کا ذائقہ چکھنے کو بھی ملا۔ الیسٹر کک75رنز کا اضافہ کر کے گراؤنڈ سے چل دیئے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے کھیل کا آخری سیشن فائدے کا سودا ثابت ہوا جب کیوی بالر ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی کے گٹھ جوڑ نے نو رنز پر تین کھلاڑی ٹھکانے لگادیئے ۔گیری بیلنس کا جادو29رنز پر بے اثر ہو گیا۔ بین سٹوکس چھ اور جو روٹ ایک رن بنا سکے ۔ این بیل 12 اور جوز بٹلر 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ،

وقت اشاعت : 31/05/2015 - 12:56:35