پاک زمبابوے تیسرا ون ڈے بغیر نتیجہ ختم ہو نے سے قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کاامکان برقرار

پیر 1 جون 2015 13:33

پاک زمبابوے تیسرا ون ڈے بغیر نتیجہ ختم ہو نے سے قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کاامکان برقرار

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء)پاکستان اور زمبابوے کے مابین تیسرا ون ڈے بغیر نتیجہ ختم ہو نے سے قومی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کاامکان برقرار ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز دوصفر سے جیت لی۔جس کے بعد آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی نویں پوزیشن اور ستاسی پوائنٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ سیریز میں زمبابوے کے کوئی میچ نہ جیتنے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں برقرار ہیں۔

پاکستان نے مہمان ٹیم کیخلاف ہوم سیریز دو صفر کی جیت پر ختم کی۔ اب اظہرعلی الیون اس ماہ سری لنکا میں کھیلی جانے والی سیریز میں میزبان ٹیم کو ہراکرچیمپئنز ٹرافی کے لئے کوالیفائی کرسکتی ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں اس سال تیس ستمبر تک ون ڈے رینکنگ کی 7 ٹاپ ٹیمیں اور میزبان انگلینڈ شرکت کے اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش88 یکساں پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ساتویں اورآٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستان ایک پوائنٹ کی کمی سے نویں نمبر پرہے اور انہیں تینوں ٹیموں کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرنے کی جنگ جاری ہے۔پاکستانی ٹیم اس ماہ سری لنکا کے دورے پر جائے گی۔ جہاں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔جس میں کامیابی قومی ٹیم کی رینکنگ بہتر کردے گی اور پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں پہنچ جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ستمبرتک کوئی ون ڈے سیریز شیڈول نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم گراوٴنڈ پرسیریز کھیلنی ہیں۔ ان کے نتائج بھی چیمپئنزٹرافی میں رسائی پراثرانداز ہوں گے۔

وقت اشاعت : 01/06/2015 - 13:33:51