اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 10 سے قبل بولنگ کوچ اظہر محمود کو الوداع کہہ دیا

قومی ٹیم کے ساتھ وابستگی کی وجہ سے فرنچائز نے سابق باؤلنگ آل راؤنڈر سے علیحدگی اختیار کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 مارچ 2025 17:00

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 10 سے قبل بولنگ کوچ اظہر محمود کو الوداع کہہ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مارچ 2025ء ) ریکارڈ 3 بار کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے بدھ کے روز 11 اپریل سے 18 مئی تک ہونے والے 10ویں ایڈیشن سے قبل بولنگ کوچ اظہر محمود سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فرنچائز نے محمود کی پاکستان مینز کرکٹ ٹیم سے وابستگی کے باعث ان سے علیحدگی اختیار کر لی۔
سابق باؤلنگ آل راؤنڈر کی جگہ این بٹلر کو لیا گیا ہے جنہوں نے 2002ء سے 2013ء تک نیوزی لینڈ کے لیے آٹھ ٹیسٹ، 26 ون ڈے اور 19 ٹی ٹونٹی کھیلے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بیان میں کہا کہ "پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی سب سے کامیاب فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ ایان بٹلر کو پی ایس ایل 10 کے لیے ٹیم کا باؤلنگ کوچ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے خوش ہے۔

(جاری ہے)

"
اس کے ساتھ ہی فرنچائز نے اظہر محمود کو الوداع کہا جو اس وقت پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اظہر نے بطور کھلاڑی اور 2016 میں پی ایس ایل 1 جیتنے والے کوچ اور 2024ء میں اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اپنی تقرری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایان بٹلر نے پاکستان میں اپنے پہلے کوچنگ کے تجربے کے امکان کے بارے میں جوش و خروش کا اظہار کیا اور ان کے باؤلنگ گروپ کے ساتھ کام کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک اور پی ایس ایل ٹائٹل تک لے جانے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ "میں پی ایس ایل 10 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

یہ پاکستان میں کوچنگ کا میرا پہلا تجربہ ہوگا، اور میں نے یہاں کرکٹ کے شوق کے بارے میں بہت اچھی باتیں سنی ہیں۔
"اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس پی ایس ایل میں شاندار میراث ہے اور میں باصلاحیت باؤلنگ گروپ کے ساتھ مل کر ٹیم کو ایک اور ٹائٹل دلانے میں مدد کرنے کا منتظر ہوں۔
بٹلر نے فرنچائز کے لیے اظہر محمود کی خدمات کا بھی اعتراف کیا اور اپنے کام کو آگے بڑھانے کی امید ظاہر کی۔
ان کا کہنا تھا کہ "میں اظہر محمود کو بھی تسلیم کرنا چاہوں گا، جنہوں نے اس ٹیم کے ساتھ شاندار کام کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس پر کام جاری رکھوں گا۔"
وقت اشاعت : 12/03/2025 - 17:00:07