زمبابوے کا دورہ پاکستان انتہائی کامیا ب رہا،سری لنکا کو دورے پر مجبور نہیں کرسکتے ہیں:شہریار خان

بدھ 3 جون 2015 16:14

زمبابوے کا دورہ پاکستان انتہائی کامیا ب رہا،سری لنکا کو دورے پر مجبور نہیں کرسکتے ہیں:شہریار خان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا اور امید ہے کہ یہ دیگر غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے سلسلے میں بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا۔پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کر نے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کا دورہ کر نا خوش آئند ہے اور اس سیریز کا کامیاب انعقاد ملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا،وہ اپنی حکومت کے انکار کے باوجود پاکستان آئے جس پر وہ تعریف کے مستحق ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زمبابوے کی سکیورٹی کے پیش نظر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا تھا اور وہ خود بھی کئی مرتبہ ٹریفک جام میں پھنسے تاہم جب لوگوں کو پتہ چلا کہ یہ سکیورٹی زمبابوے کی ٹیم کے لیے ہے تو انہوں نے اسے برداشت کیا۔

(جاری ہے)

شہریار خان کے مطابق وہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اپنے ملک واپسی پر پاکستان میں اپنے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر تعریف کی اور اس کے ساتھ ساتھ وہ میڈیا کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کی شاندار کوریج کی۔

چیئر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے انتہائی گرمی کے باوجود سٹیڈ یم آکر دونوں ٹیموں کو سپورٹ کیا جو انتہائی خوش آئند ہے، سری لنکا کے وفد نے بھی آخری ون ڈے دیکھا اور کہا کہ انہوں نے ایسا ماحول کہیں نہیں دیکھا،خواہش ہے کہ سری لنکا کی ٹیم بھی پاکستان آکر کھیلے لیکن اس کے لیے انہیں مجبور نہیں کر سکتے ہیں۔

وقت اشاعت : 03/06/2015 - 16:14:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :