کرکٹ گیند نے ایک اور کھلاڑی کا کیریئر ختم کر دیا

جمعہ 5 جون 2015 22:56

کرکٹ گیند نے ایک اور کھلاڑی کا کیریئر ختم کر دیا

لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5جون ۔2015ء ) انگلینڈ اور سمر سیٹ کے وکٹ کیپر بلے باز کریگ کیزویٹر نے آنکھ کی انجری کی وجہ فوری طور پر ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہوتاہے کہ اب وہ کبھی وہ کھلاڑی نہیں بن سکیں گے جو وہ اس حادثے سے پہلے تھے ۔کیزویٹر کا کہنا تھا کہ ان کا کیریئر بہت اچھا تھا جس میں کئی اتارچڑھاؤ آئے، وہ اب اپنے کیریئر کے اختتام کا اعلان کررہے ہیں اور انہیں اس پر کرکٹ کے میدانوں سے رخصت ہوتے ہوئے کوئی پچھتاوا نہیں ہے ۔

سمرسیٹ کے 27سالہ کریگ کیزویٹر گزشتہ سال جولائی میں نورٹھمپٹن شائر کے خلاف میچ کے دوران اپنی ناک تڑوانے کے ساتھ ساتھ آنکھ اور ٹھوڑی زخمی کرا بیٹھے تھے۔

(جاری ہے)

میچ کے دوران گیند ان کے ہیلمٹ میں سے ہوتی ہوئی ناک اور آنکھ کے حصے پر آ کر لگی اور اس انجری کے بعد سے انہیں نظر آنے میں کافی مشکلات پیش آرہی تھیں۔کیزویٹر نے 46 ایک روزہ اور 25 ٹی ٹونٹی میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور آخری بار وہ جنوری 2013 ء میں قومی ٹیم کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے 2010 ء میں بنگلہ دیش کیخلاف ایک روزہ کرکٹ کا ڈیبیو کیا تھا اور وہ 2010 ء میں ورلڈ ٹی ٹونٹی جیتے والی انگلش ٹیم کے اہم رکن ہونے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے ۔ یادرہے کہ یہ پہلا موقع تھا کہ کرکٹ کے بانی انگلینڈ نے کوئی آئی سی سی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

وقت اشاعت : 05/06/2015 - 22:56:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :