ذوالفقار بابر نے ٹور میچ میں تباہی مچا دی

جمعہ 12 جون 2015 16:51

ذوالفقار بابر نے ٹور میچ میں تباہی مچا دی

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جون2015ء) پاکستانی اسپنرز ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے ٹور میچ میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی بساط 241 رنز پر لپیٹ کر اننگ میں چھ رنز کی معمولی برتری حاصل کر لی۔ کولمبو میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کے دوسرے دن میزبان ٹیم نے 44 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ اپنی اننگ دوبارہ شروع کی تو اپل تھارنگا اور کشال سلو نے اسکور کو 62 تک پہنچا دیا۔

اسی مجموعے پر 35 رنز بنانے والے تھارنگا کی اننگ تمام ہوئی جو وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر کے پاتھوں جکڑے گئے۔ کشال نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلے جیہان مبارک کے ساتھ 63 اور پھر کپتان دنیش چندیمل کے ساتھ 40 رنز جوڑ کر اسکور کو 165 تک پہنچادیا، مبارک 28 اور چندیمل 22 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی وکٹ بنے۔

(جاری ہے)

پانچویں وکٹ کے لیے کشال نے 26 رنز بنانے والے ملندا سری وردانا کے ساتھ مزید 52 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لے آئے۔

اس موقع پر میزبان ٹیم کے چار وکٹ پر 214 رنز مضبوط پوزیشن کی نشاندہی کر رہے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے تاہم پاکستانی اسپنرز کی تباہ کن باؤلنگ نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ ذوالفقار بابر نے 217 کے اسکور پر لگاتار دو وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کی صفوں میں بھونچال پیدا کردیا۔ کشال سلوا 101 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر رخصت ہوئے تو مزید پانچ رنز کے اضافے سے پوری ٹیم 241 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 31 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگ میں چھ رنز کی برتری حاصل کی جہاں وہ پہلے کھیلتے ہوئے 247 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 17 جون سے گال میں ہو گا۔

وقت اشاعت : 12/06/2015 - 16:51:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :