تیسرا ٹیسٹ، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ، پاکستان کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 جولائی 2015 13:16

تیسرا ٹیسٹ، بارش کے باعث میچ روک دیا گیا ، پاکستان کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز

پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4 جولائی ۔2015ء ) تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں سری لنکا اور پاکستان کے مابین میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ، پاکستان 3 وکٹوں پر 88 رنز بنا چکا ہے ۔ سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے سکور 278 رنز کے جواب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا ، شان مسعود 21 رنز بنانے کے بعد پرساد کا شکار بنے ، احمد شہزاد 13 رنز سکور کرکے پرادیپ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ ہوءے ، تجربہ کار بلے باز یونس خان کھانے کے وقفے کے کچھ دیر قبل ہی غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں 3 کے انفرادی سکور پر پوویلین چلتے بنے اور ، اظہر علی اور اسد شفیق نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم جب سکور 88 رنز ہوا تو امپایرز نے میچ بارش کے باعث روک دیا ، اظہر علی 33 اور اسد شفیق 14 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ، سری لنکا کی جانب سے پرادیپ اور پرساد نے 1 ، 1شکار کر رکھا ہے ، اس سے قبل پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپننگ بلے باز ڈیموتھ کارونارتنے کے 130 رنز کی بدولت سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

(جاری ہے)

میزبان ٹیم کی جانب سے کوشال سلوا 9، اوپل تھرنگا 46، لھیرو تھرمانے 11، کپتان انجیلو میتھیوز 3، جیہان مبارک 25، دنیش چندیمل 24، دھمیکا پرساد 0 ، کوشال 18 اور پرادیپ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ لکمل 6 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5، راحت علی نے 3 اور اظہر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پالی کیلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ اور ذوالفقاربابر کی جگہ شان مسعود، عمران خان، احسان عادل اور راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 04/07/2015 - 13:16:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :