نشے میں دھت گاڑی چلانے پر آسٹریلوی پلیئر جیمز فالکنر پر 4میچوں کی پابندی

بدھ 15 جولائی 2015 11:48

نشے میں دھت گاڑی چلانے پر آسٹریلوی پلیئر جیمز فالکنر پر 4میچوں کی پابندی

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2015 فائنل کے مین آف دی میچ جیمز فالکنر پر چار میچوں کی پابندی عائد کردی ہے۔ان دنوں انگلینڈ میں لنکا شائر کاوٴنٹی کی نمائندگی کرنے والے فالکنر مانچسٹر میں شراب کے نشے میں گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر کر بیٹھے، اس موقع پر ان کے ساتھ تسمانیہ میں ان کے ساتھی کھلاڑی ٹم پین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ٹیسٹ میں ان کے جسم میں الکہل کی مقررہ حد سے دگنی مقدار موجود تھی۔انہوں نے رات پولیس کی حراست میں گزاری اور انہیں 21 جولائی کو عدالت کا سامنا کرنا ہے تاہم آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے بورڈ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آل راوٴنڈر کو معطل کردیا ہے۔ان پر چار انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس لحاظ سے وہ آئرلینڈ خلاف میچ کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور دو انٹرنیشنل میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

(جاری ہے)

جیمز فالکنر محدود اوورز کی کرکٹ میں آسٹریلیاکے اہم رکن تصور کیے جاتے ہیں اور ان کی عدم موجودگی آسٹریلیا کے لیے بڑا دھچکا جبکہ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کرنے والی انگلش ٹیم کیلئے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا بھی ایک موقع ہے۔ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ نے کہا ہے کہ فالکنر نے اس پینالٹی کو تسلیم کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فالکنر نے اپنی اس حرکت کی سنجیدگی کا اندازہ لگا لیا ہے اور لگائی گئی سزا کو تسلیم کر لیا ہے، انہوں نے ڈسپلنری طریقہ کار میں مکمل تعاون کیا اور بہت شرمندہ ہیں۔

وقت اشاعت : 15/07/2015 - 11:48:30