دوسرا ون ڈے ، سری لنکا 2 وکٹوں سے کامیاب ، سیریز 1-1 سے برابر

بدھ 15 جولائی 2015 22:50

دوسرا ون ڈے ، سری لنکا 2 وکٹوں سے کامیاب ، سیریز 1-1 سے برابر

پالی کیلے(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15جولائی ۔2015ء ) سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے ۔ سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 288 رنز کا ہدف 49اوور کی پہلی گیند پر آٹھ وکٹیں کھو کر پورا کر لیا ، کوشال پریرا اور تلکارتنے دلشان نےجارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 5 اوورز 65 رنز بنائے ، کوشال پریرا نے 17 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ون ڈے کی دوسری تیز ترین نصف سنچری سکور کی ، وہ 68 رنز بنا کر محمد عرفان کا نشانہ بنے، اپل تھرنگا کو 28اور دلشان کو 47 رنز پر راحت علی نے بولڈ کیا، کپتان میتھیوز 8 رنز پر رن آوٹ ہوئے، تھریمانے 4 رنز پر راحت علی کا نشانہ بنے جب کہ محمد حفیظ نے سری وردانا کو 26 اور پتھیرانا کو 33 رنز پر آوٹ کیا تاہم چندیمل اور پتھیرانا نے پاکستانی باولرز کے تمام تر حربے ناکام بنا کر ساتویں وکٹ کے لیے باون رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی جس کے بعد تھیسارا پریرا نے بھی اپنا حصہ ڈالا ، لنکن وکٹ کیپر دنیش چندیمل 48 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم میں جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے راحت علی نے تین ، محمد حفیظ نے دو اور انور علی اور محمد عرفان نے ایک ،ایک کھلاڑی آوٹ کیا ، اس سے قبل قومی ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر287 رنز بنا ئے۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور کپتان اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن احمد شہزاد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پہلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے محمد حفیظ بھی 9 رنز ہی بنا سکے جب کہ بابر اعظم بھی 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی اور شعیب ملک نے 83 رنز بناکر پاکستان کی لڑ کھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا تاہم شعیب ملک 51 رنز بناکرمیتھیوز کا شکار بنے جب کہ کپتان اظہرعلی 79 رنز بناکردلشان کی گیند پر سری ورسھانا کے ہاتھوں کیچ دے بیٹھے۔ سرفراز احمد 7 رنز بناکر ملنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز بناکر پرادیپ کا شکار بنے ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں محمد حفیظ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 15/07/2015 - 22:50:00