آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ،تمیم سے الجھنے پر کوئنٹن ڈی کاک کو میچ فیس کا75فیصد جرمانہ

جمعرات 23 جولائی 2015 14:21

آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ،تمیم سے الجھنے پر کوئنٹن ڈی کاک کو میچ فیس کا75فیصد جرمانہ

چٹاگانگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک پر بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ الجھنے پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کا وقفہ ہونے پر تمیم اقبال بیٹنگ کر رہے تھے، وہ ڈریسنگ روم جانے کے لئے مڑے تو وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک ان کے سامنے آ گئے اور ان کو کندھے سے ٹکر ماری، جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی، جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا نے بیچ بچاؤ کرایا۔

میچ ریفری کرس براڈ نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر کوئنٹن ڈی کاک اور جنوبی افریقی ٹیم کے مینجر کو بلایا اور وکٹ کیپر پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔تمیم اقبال اس سے قبل بھی جنوبی افریقہ کی رائلی روسو کا نشانہ بنے، دوسرے ون ڈے میں تمیم اقبال کو آؤٹ کرنے پر رائلی روسو نے بھی ان کے ساتھ الجھنے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ کر دیا گیا تھا۔

وقت اشاعت : 23/07/2015 - 14:21:08