پاکستان ، سری لنکا کے مابین آخری ون ڈے آج دوپہر ہوگا

اتوار 26 جولائی 2015 12:10

پاکستان ، سری لنکا کے مابین آخری ون ڈے آج دوپہر ہوگا

ہمبن ٹوٹا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26جولائی ۔2015ء ) پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ آج ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا ۔ پاکستان کو سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ ہمبنٹوٹا کے مہنداراجاپاکسے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا ۔ ون ڈے سیریز کے چار میچ ہو چکے ہیں جس میں پاکستان کو تین میں کامیابی ملی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ مہمان ٹیم عالمی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن سنبھال چکی ہے اور چیمپئنز ٹرافی میں اس کی نشست تقریباً پکی ہے، گرین شرٹس کے اس وقت 90.4 پوائنٹس ہیں، ویسٹ انڈیز (88.4) پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے، اگر گرین شرٹس نے اتوارکے میچ میں بھی فتح حاصل کر لی تو پوائنٹس 91.7ہو جائیں گے، میزبان ٹیم کامیاب رہی تو 89.7 رہ جائیں گے،دونوں صورت میں پاکستان کی پوزیشن برقرار رہے گی، البتہ اگر ویسٹ انڈیز نے 30 ستمبر کی کٹ آف تاریخ تک بھارت یا کسی اور سے سیریز رکھ لی تو مسئلہ پیش آ سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

گرین شرٹس نے آخری ون ڈے سے قبل ہمبنٹوٹا میں بیٹنگ ، بائولنگ اورفیلڈنگ کی مشقیں شروع کر دی ہیں ۔ قومی ٹیم نے گزشتہ روز بھی تینوں شعبوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے پریکٹس سیشن میں بھرپور حصہ لیا تو دوسری جانب لنکن ٹیم بھی آخری میچ میں کامیابی سمیٹنے کے لیے پر امید ہے ۔ ایک روزہ سیریز کے بعد قومی ٹیم آئی لینڈرزکے خلاف دو ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلے گی ۔

وقت اشاعت : 26/07/2015 - 12:10:17