نیوزی لینڈ کو زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 2 اگست 2015 20:26

نیوزی لینڈ کو زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2اگست۔2015ء)زمبابوے نے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہرارے میں کھیلے گئے ایک روزہ میچوں میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور صرف 39 رنز پر کیویز کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم اس کے بعد مہمان ٹیم نے کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی شاندار بلے بازی کی بدولت 303 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔ ولیمسن 97، روس ٹیلر نے ناقابل شکست 112 جبکہ گرانٹ ایلیٹ نے 43 رنز کی اننگ کھیلی۔ تناشے پنیانگرا دو وکٹوں کے ساتھ زمبابوے کے سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ جواب میں زمبابوین اوپنرز نے ٹیم کو 74 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کر کے ہدف کا مثبت انداز میں تعاقب شروع کیا۔

(جاری ہے)

چمو چبابا 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو ہملٹن مساکاڈزا کو وکٹ پر کریگ ارون نے جوائن کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کیلئے 120 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 194 تک پہنچا دیا۔ مساکاڈزا 84 رنز بنا کر ناتھن میک کولم کی وکٹ بنے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود ارون کیویز کیلئے ڈراؤنا خواب بنے رہے اور انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے کپتان ایلٹن چگمبرا کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے مزید 66 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی فتح کی امیدیں روشن کر دیں۔

جب چگمبرا 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو زمبابوے کو آخری پانچ اوورز میں جیت کیلئے مزید 44 رنز درکار تھے۔ ارون نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے پانچ چھکوں اور گیارہ چوکوں سے مزین ناقابل شکست 130 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ ناتھن میک کولم تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب کیوی باؤلر ثابت ہوئے لیکن ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی۔ ارون کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا.

وقت اشاعت : 02/08/2015 - 20:26:43