کیوی اوپنرز کی ریکار ڈساز شراکت،نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

منگل 4 اگست 2015 20:34

کیوی اوپنرز کی ریکار ڈساز شراکت،نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4 اگست ۔2015ء ) تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں اوپنرز کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے زمبابوے کے خلاف10وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1سے برابر کر دی ہے ۔ ہرارے سپورٹس کلب میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کی ٹیم ایک موقع پر 68رنز کے مجموعی سکور پر 5وکٹیں کھو چکی تھی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ 150رنز کے اندر سمٹ جائے گی تاہم پاکستانی نژاد زمبابوین بلے باز سکندر رضا بٹ نے سین ولیمز کے ساتھ 60رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم اس موقع پر ولیمز 26رنزبنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔

ٹیم کا مجموعی سکور 146رنز ہوا تو زمبابوے 8وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا لیکن اس موقع پر سکندر رضا نے پنینگارا کے ساتھ مل کر9ویں وکٹ کی شراکت میں 89رنز جوڑے جو زمبابوے کی جانب سے ایک ریکارڈ ہے ۔

(جاری ہے)

سکندر رضا 95گیندوں پر 4چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 100کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے تاہم پنینگارا 33رنز بنا کر اننگز کی آخری بال پر رن آؤٹ ہوگئے اور یوں زمبابوے نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر 235 رنز بنائے ، اس شاندار سنچیر کے ساتھ سکندر رضا نمبر 7 یا اس سے نیچے سنچری سکور کرنے والے زمبابوے کے پہلے اور مجموعی طور پر دنیا کے 13ویں بلے باز بنے ۔

کیویز کی جانب سے اس سوڈھی نے 3،ایلیٹ نے 2اور میکنیگھن اور میکولم نے 1،1شکار کیا ۔ زمبابوے کی اننگزکے اختتام پر 236رنز کا ہدف معقول دکھائی دے رہا تھا تاہم کیوی اوپنرز نے بہترین بلے باز ی کا مظاہرہ کر تے ہوئے زمبابوے کے سیریز اپنے نام کر نے کے تمام عزائم ناکام بنا دیئے ۔ اوپنر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 236رنز جوڑ کر ٹیم کو 10وکٹوں سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریزبھی 1-1سے برابر کر دی ۔ گپٹل 116اور لیتھم 110رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مشتر کہ طور پر مرد میدان قرار پائے ۔ اس شراکت کے ساتھ ہی گپٹل اورلیتھم نے وکٹ کھوئے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا عالمی ریکار ڈ بھی قائم کر ڈالا ہے ،اس سے پہلے سری لنکا نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 230رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کی تھی ۔

وقت اشاعت : 04/08/2015 - 20:34:49