آسٹریلیا کیخلاف چوتھے میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرؤنگا، این بیل

بدھ 5 اگست 2015 12:04

آسٹریلیا کیخلاف چوتھے میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرؤنگا، این بیل

نوٹنگھم ۔ 05 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز آئن بیل نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرؤنگا۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز کو چوتھے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکر ایشز 3-1 سے اپنے نام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز میں کم بیک کرنے کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کینگروز کے خلاف نہ صرف چوتھا ٹیسٹ بلکہ سیریز بھی جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ مایہ ناز آل راؤنڈر آئن بیل نے تیسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگزوں میں نصف سنچریاں سکور کیں تھیں اور انکی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اس میچ میں انگلینڈ نے کینگروز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں شاندار کم بیک کیا اور ایک بار پھر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور میچ جیت کر سیریز جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آسٹریلوی ٹیم جاندار کم بیک کر سکتی ہے مگر جس طرح ہماری ٹیم کھیل رہی ہے ہم انہیں شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ کل جمعرات سے نوٹنگھم میں شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہے۔

وقت اشاعت : 05/08/2015 - 12:04:54