ماضی کے سٹار کھلاڑی ہاکی کی ترقی کیلئے اقدامات کرتے تو قومی کھیل پر زوال نہ آتا، سابق کپتان ذیشان اشرف

اتوار 9 اگست 2015 12:52

ماضی کے سٹار کھلاڑی ہاکی کی ترقی کیلئے اقدامات کرتے تو قومی کھیل پر زوال نہ آتا، سابق کپتان ذیشان اشرف

لاہور ۔9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔2015ء) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی شکست کی وجوہات جاننے کے لئے بنائی جانے والی دو مختلف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیوں کی رپورٹ پر عمل در آمد کرنے سے ہاکی کے معاملات میں بہتری آئے گی۔ اتوار کے روز اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔

2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹیوں میں تجربہ کا ر افراد شامل ہیں اور ان کی طرف سے ہاکی کی بہتری کے لئے مرتب کی جانے والی سفارشات پر مکمل طور پر عمل در آمد کیا جانا چاہئے۔ ذیشان اشرف نے کہاکہ میرے خیال میں ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی شکست کی وجہ بہت زیادہ گول مسنگ ،کھلاڑیوں کے مالی حالات کی وجہ سے ذہنی طورپر مضطرب ہونا، کم ٹریننگ اور غیر ملکی ٹیموں سے بہت کم پریکٹس میچز ملنا تھا۔

(جاری ہے)

دنیا کی دیگر ٹیموں کو پاکستانی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ سہولتیں، زیادہ ٹریننگ اور زیادہ پریکٹس میچز کھیلنے کا ایڈوانٹج حاصل تھا ۔ متعدد سینئر کھلاڑیوں کو اچانک فارغ کرنے سے بھی کارکردگی میں فرق پڑتا ہے۔ جونیئر کھلاڑیوں کو آہستہ آہستہ ٹیم میں شامل کرنا چاہئے تاکہ انہیں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے اور تجربہ حاصل ہو۔

ذیشان اشرف نے کہاکہ پاکستان میں ہاکی کی بہتری کے لئے نچلی سطح پر فروغ دینا ہوگا ۔ سکولوں ،کالجز اور ڈیپارٹمنٹ میں ہاکی کی بحالی بہت ضروری ہے جبکہ کھلاڑیوں کو مستقل نوکریاں دینی ہوں گی ۔ ذیشان اشرف نے کہاکہ ماضی میں قومی ہاکی ٹیم کو عروج حاصل تھا لیکن اگر ماضی کے سٹار کھلاڑی ہاکی کی ترقی کیلئے اقدامات کرتے تو آج ہاکی کو زوال نہ آتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں طاہر زمان ، نوید عالم ، خواجہ جنید جیسے کولیفائڈ کوچز ہیں جن کا مقابلہ دنیا کے کسی بھی کوچ سے کیا جا سکتا ہے۔ طاہر زمان سے بہتر کوئی کوچ نہیں ہے۔ ان کوچز کی خدمات حاصل کی جانی چاہئے۔ ذیشان اشرف نے کہاکہ پی ایچ ایف کے سابقہ دور میں 18ہاکی کی اکیڈمیاں بنائی گئی تھیں لیکن میرے خیا ل میں ان میں سے شاید کوئی اکیڈمی ہی کام کرتی ہو۔ پاکستان میں ہاکی کی بہتری کے لئے اقدامات میں تسلسل لانا ہوگا ۔

وقت اشاعت : 09/08/2015 - 12:52:58