مصباح ، وقار یونس نے بین الاقوامی کرکٹ خیر باد کہنے والے کمار سنگاکارا ، مائیکل کلارک کو عظیم کرکٹرز قرار دیدیا

ہفتہ 22 اگست 2015 12:58

مصباح ، وقار یونس نے بین الاقوامی کرکٹ خیر باد کہنے والے کمار سنگاکارا ، مائیکل کلارک کو عظیم کرکٹرز قرار دیدیا

لندن /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور کوچ وقاریونس نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے کمار سنگاکارا اور مائیکل کلارک کو عظیم کرکٹرز قرار دیامصباح الحق نے بی بی سی کو دئیے ایک انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے سنگاکارا کو 2001 میں پاکستان اور سری لنکا کی اے ٹیموں کی سیریز میں پہلی بار کھیلتے دیکھا تھا اور انھیں اسی وقت اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ آنے والے دنوں میں ایک اہم بیٹسمین کے طور پر سامنے آئیں گے۔

سنگاکارا نے 15 سالہ کریئر میں جو ریکارڈز قائم کیے وہ بذات خود ان کی عظمت کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ سنگاکارا نے مہیلا جے وردھنے کے ساتھ مل کر سری لنکن ٹیم کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا اس عرصے میں سری لنکا نے ان کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پانچ فائنلز کھیلے۔

(جاری ہے)

وہ بجا طور پر سری لنکن بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہاکہ وہ صرف سری لنکا نہیں بلکہ پوری کرکٹ کی دنیا کے لیے ایک اہم کرکٹر اور کھیل کے بہترین سفیر رہے۔کرکٹ کے میدان میں اور میدان سے باہر انھیں ہمیشہ پیار اور احترام سے دیکھا گیا۔مصباح الحق نے کہاکہ مائیکل کلارک کی چھاپ آسٹریلوی کرکٹ پر واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ان کی کپتانی میں آسٹریلیا نے ورلڈ کپ جیتا،گذشتہ ایشیز جیتی اور بحیثیت بیٹسمین بھی اپنی بہترین کارکردگی کے انمٹ نقوش چھوڑے۔

بدقسمتی سے پچھلے کچھ عرصے سے وہ فٹنس مسائل کا شکار رہے جس کی وجہ سے انھیں کرکٹ چھوڑنا پڑی ہے مصباح الحق نے کہا کہ ان کی نیک تمنائیں دونوں کرکٹرز سنگاکارا اور کلارک کے لیے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں اپنے الوداعی ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر رخصت ہوں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس نے انٹرویو میں کہا کہ انھیں افسوس ہے کہ جن حالات میں مائیکل کلارک کو ریٹائر ہونا پڑا ہے اس کی وجہ سے انھیں اس طرح کا کریڈٹ نہیں مل رہا ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایشیز سیریز میں پانچ، صفر کی جیت اور ورلڈ کپ کا فاتح بننا کلارک کے کریئر کے دو اہم واقعات ہیں اس کے علاوہ بھی انھوں نے اپنے ملک کیلئے بحیثیت بیٹسمین اور کپتان غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیاحالیہ کچھ مہینوں سے ان کی بیٹنگ کی کارکردگی نیچے آگئی تھی اور پھر موجودہ ایشیز سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کو انگلینڈ میں بری طرح شکست ہوئی لیکن کلارک نے اپنے کریئر میں جو کچھ بھی کیا ہے اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وقاریونس نے سنگاکارا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کے لیے وہ ہمیشہ قابل تقلید رہے اور ان کی سب سے بڑی خوبی ان کی انکساری ہے سابق فاسٹ بولر وقار تونس نے کہاکہ وہ سنگاکارا کے خلاف کھیلے ہیں اور کپتان اور کوچ کی حیثیت سے انھیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ان جیسے بیٹسمینوں کے خلاف حکمت عملی ترتیب دینا کبھی آسان نہ تھا کیونکہ وہ ان چند ہی بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں جن کی تکنیکی خامیاں بہت ہی کم ہوتی ہیں۔

وقاریونس نے کہا کہ سنگاکارا تیز اور سپن دونوں کو ایک ہی مہارت کے ساتھ کھیلنے والے بیٹسمین ہیں اور انھوں نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں سکور کیں۔انھوں نے وقار یونس سمیت وسیم اکرم اور شعیب اخترکو بھی اعتماد سے کھیلا اور مشتاق، ثقلین اور کنیریا کے خلاف بھی بڑی اننگز کھیلیں۔

وقت اشاعت : 22/08/2015 - 12:58:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :