کیون پیٹرسن کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوا، اینڈریو سٹراس

بدھ 9 ستمبر 2015 13:13

کیون پیٹرسن کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوا، اینڈریو سٹراس

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ نامور بیٹسمین کیون پیٹرسن کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوا ہے۔اینڈریو سٹراس نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کے بعد کیون پیٹرسن کو بتایا تھا کہ ٹیم میں ان کی واپسی ممکن نہیں ہے اور مستقبل میں انھیں ٹیم میں شمولیت کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔

اینڈریو سٹراس نے کہا ’واضح موقف سے صورت حال کو واضح کرنے میں مدد ملی ہے۔‘ انگلینڈ نے حالیہ ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔کیون پیٹرسن کو آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی گذشتہ ایشز سیریز میں ٹیم کی پانچ صفر کی ہزیمت کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کیون پیٹرسن اب تک ہر فارمیٹ میں انگلینڈ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔اینڈریو سٹراس نے کہا ’ڈر تھا کہ اگر کیون پیٹرسن کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا تو وہ سب کچھ جوگذشتہ موسم سرما میں پِچ پر ہوتا رہا ہے وہ ٹیم کے ماحول پر غالب آ جائے گا۔

‘انھوں نے کہا ’میں صرف یہ کر رہا تھا کہ صورت حال کو واضح کروں اور کھلاڑیوں کو بتاوٴں کہ ان کی ٹیم میں کیا پوزیشن ہے اور وہ کہاں کھڑے ہیں۔’میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم آگے بڑھ گئی ہے اور بہت اچھی پوزیشن میں ہے۔ کچھ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے آپ کو منوا لیا ہے اور ہماری توجہ اسی پر ہے۔

وقت اشاعت : 09/09/2015 - 13:13:46