پاکستان نے زمبابوے کیخلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں13 رنز سے کامیابی حاصل کر لی

اتوار 27 ستمبر 2015 20:58

پاکستان نے زمبابوے کیخلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں13 رنز سے کامیابی حاصل کر لی

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26ستمبر۔2015ء) پاکستان نے زمبابوے کیخلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں13 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی ‘ پاکستان کے عماد وسیم کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس 19 رنز بنانے کے بعد 10رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر مرد میدان قرار ‘ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں زمبابوے کیخلاف سب سے کم ترین ٹوٹل کا ریکارڈ ‘پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے دئیے گئے 137رنز کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا پائی‘ پاکستان کی طرف سے شعیب ملک 35اور محمد رضوان 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ‘ زمبابوے کے چھیباباکی 3وکٹیں‘پاکستان کی جانب سے عمران خان جونیئر کا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو تاہم خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

زمبابوے کی طرف سے ایلٹن چگمبورا31‘مسکڈزا25 رنز بنا کر نمایاں رہے ‘ پاکستان کے عماد وسیم کی 4 وکٹیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے ہرارے سپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستا ن کی طرف سے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کو پہلا نقصان21 کے مجموعی سکو رپر احمد شہزاد کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ چھیبابا کی گیند پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد مختار احمد بھی 25 کے مجموعی سکو رپر محض 4 رنز بنا کر چھیبابا کا ہی نشانہ بنے۔ زمبابوے کو تیسری کامیابی صہیب مقصود کی صورت میں 29 کے مجموعی سکور پر ملی وہ بھی 6 رنز بنا کر چھیبابا کا شکار ہوئے۔ تاہم اس کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک کے درمیان 42 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی اور 71 کے مجموعی سکو رپر عمر اکمل 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔

پاکستان کو پانچواں نقصان شعیب ملک کی صورت میں 87 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا وہ 35 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ زمبابوے کو چھٹی کامیابی 133 کے سکور پر ملی اور عماد وسیم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ پاکستان کو ساتواں اور آٹھواں نقصان 136 کے مجموعی سکو رپر آفریدی اور وہاب ریاض کی صورت میں ہوا آفریدی 2 اور وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین رضوان احمد 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 136 رنز بنا کر اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زمبابوے کیخلاف اپنا کم ترین سکور بنانے کا ریکارڈ بنایا۔زمبابوے کی طرف سے مسکڈزا اور چھبابا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پاکستان کو پہلی کامیابی ایک کے سکو رپر ملی اور 3 وکٹیں لینے والے چھیبابا بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کا شکار ہو گئے۔

پاکستان کودوسری کامیابی 27 کے مجموعی سکو رپر ملی اور ارون 11 رن بنا کر سہیل تنویر کا نشانہ بنے۔ زمبابوے کو تیسرا نقصان 49 کے مجموعی سکور پر ہوا اور سکندر رضا 13 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کو چوتھی کامیابی مسکڈزا کی صورت میں ملی وہ 60 کے مجموعی سکو رپر 25 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کو پانچواں نقصان 66 کے مجموعی سکو رپر اس وقت اٹھانا پڑا جب شون ولیم عماد وسیم کو ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

پاکستان کو چھٹی کامیابی مٹمبامی کی صورت میں 77 کے مجموعی سکو رپر ملی وہ 9 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ زمبابوے کو ساتواں اور آٹھواں نقصان 90 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا پہلے جون گوا 2 رن بنا کر رن آؤ ٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر کریمر بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہو گئے تاہم اس کے بعد کپتان ایلٹن چگمبورا اور اٹسیا نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم 121 کے مجموعی سکور پر کپتان ایلٹن چگمبورا 31 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جب مقررہ 20 اوور ختم ہوئے تو زمبابوے نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے یوں پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 13 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر عماد وسیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا اگلا میچ منگل کو کھیلا جائیگا۔

وقت اشاعت : 27/09/2015 - 20:58:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :