آسٹریلین پیسر پیٹ کمنز کا کیریئر شدید خطرات سے دوچار ہوگیا

پیر 28 ستمبر 2015 16:52

آسٹریلین پیسر پیٹ کمنز کا کیریئر شدید خطرات سے دوچار ہوگیا

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28ستمبر ۔2015ء ) آسٹریلین فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے انٹرنیشنل کیریئر کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔ وہ کمر میں تازہ اسٹریس فریکچر کے سبب دورئہ بنگلہ دیش سے باہر ہوگئے ہیں ۔ 2011ء میں صرف 18 برس کی عمر جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے پیٹ کمنز اب تک دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائے ہیں۔ انہوں نے ڈیبیو ٹیسٹ میں مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ڈیبیو کے بعد سے وہ مسلسل انجریز کا شکار رہے جس کی وجہ سے وہ ابھی تک دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائے ۔

22 سالہ کمنز نے اب تک صرف آٹھ ہی فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں ۔ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ڈیوڈ بیکلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے حالیہ دورئہ انگلینڈ میں کمر کے نچلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی ، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے۔

(جاری ہے)

ایم آر آئی اسکین سے اسٹریس فریکچر کا پتہ چلا۔ اب وہ ایک بار پھر بحالی کے عمل سے گذریں گے جو طویل ہوسکتا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ آل رائونڈر جیمز فاکنر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ البتہ تازہ انجری کے باوجود کمنز پرامیدہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر ٹیم میں واپس آئیں گے اور پوری رفتار کے ساتھ حریف بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑائیں گے ۔ کہتے ہیں کہ میں انجری کی طرف سے زیادہ فکر مند نہیں، جب بھی میں 150 کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کرتا ہوں کہ ایسا ہوجاتا ہے، لیکن یہ سب کھیل کا حصہ ہے ۔

وقت اشاعت : 28/09/2015 - 16:52:02