ٹی ٹونٹی سیریز : کوئی قومی کھلاڑی نصف سنچری نہ بنا سکا

بدھ 30 ستمبر 2015 10:49

ٹی ٹونٹی سیریز : کوئی قومی کھلاڑی نصف سنچری نہ بنا سکا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30ستمبر ۔2015ء ) 2 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں کوئی بھی قومی بیٹسمین نصف سنچری نہ بنا سکا، پاکستان نے ٹرافی تو جیت لی لیکن بیٹسمینوں کی پرفارمنس مایوس کن رہی ، نسبتاً آسان زمبابوین بولنگ اٹیک کیخلاف سٹار پلیئرز اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش نہیں کرپائے ، کپتان شاہد آفریدی بھی دو میچز میں محض 4 رنز بنا سکے ۔

محمد حفیظ ایک میچ میں موقع ملنے پر محض 17 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ، اوپنر احمد شہزاد 2 میچز میں24 رنز ہی اپنے نام جوڑ پائے، شعیب ملک نے 35 اور15 کی اننگز کھیل کر کچھ ہمت دکھائی ، 52رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر عمر اکمل دوسرے مقابلے میں 38رنز ناٹ آؤٹ بناکر اعتماد پانے میں کامیاب ہوئے اگرچہ وہ پہلی کاوش میں صرف 14رنز ہی اپنے نام جوڑ پائے تھے ، صہیب مقصود 2چانسز ملنے پر 32 رنز بنا سکے، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 49رنز اپنے نام جمع کیے ۔

(جاری ہے)

پہلے میچ کے ہیروعماد وسیم نے32رنز بنائے،ان کی بہترین کاوش 19 رنز رہی البتہ بولنگ میں اپنا سکہ ضرور جمایا، پہلے میچ میں 11رنز کے عوض 4 وکٹوں کی پرفارمنس کی بدولت مردمیدان قرار پانے والے سپنرنے دوسرے مقابلے میں ایک وکٹ لے کر سیریز میں 5 شکاروں کے ساتھ کامیاب پاکستانی بولر کا اعزاز پایا ، ڈیبیو کرنے والے عمران خان دونوں میچز میں کوئی خاص تاثر نہیں چھوڑپائے ۔ ان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں ۔ محمد عرفان اور سہیل تنویر نے بھی اتنے ہی کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ، شاہد آفریدی مجموعی طور پر 7 اوورز میں 49 رنز دینے کے باوجود وکٹ نہ لے سکے ۔

وقت اشاعت : 30/09/2015 - 10:49:37