بنگلہ دیش بھی غیر ملکی ٹیموں کیلئے نوگو ایریا بننے لگا

بدھ 30 ستمبر 2015 13:23

بنگلہ دیش بھی غیر ملکی ٹیموں کیلئے نوگو ایریا بننے لگا

ڈھاکا / سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) بنگلہ دیش بھی غیرملکی ٹیموں کیلئے نوگو ایریا بننے لگا،آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورے پر غیریقینی کے بادل گہرے ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے منت سماجت سے آسٹریلوی سیکیورٹی ماہرین کا دل کافی حد تک موم کرلیا تھا لیکن کینگرو بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی پر کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے کو تیار نہیں، اس لیے منگل کو ڈھاکا روانگی کیلئے بک کرائی گئی ٹکٹیں بھی منسوخ کرا دیں جس سے ٹورملتوی ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پیر کے روز اٹلی کے ایک چیریٹی ورکر کو ڈپلومیٹک زون میں کسی نے گولی ماردی تھی،اس کی ذمہ داری شدت پسندوں نے قبول کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا، جس پر آسٹریلیا کیساتھ انگلینڈ اور امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے میں محتاط رہنے اور وہاں پر مقیم اپنے آفیشلز اور شہریوں کو بلاضرورت باہر نکلنے سے منع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اسکے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے اپنا ایک تین رکنی وفد بنگلہ دیش بھیجا جس میں سی اے کے سیکیورٹی ہیڈ سین کیرول ، ٹیم سیکیورٹی منیجر فرینک ڈیمسائی اور منیجر گیون ڈووے شامل تھے،

ان آفیشلز نے گذشتہ روز بنگلہ دیشی بورڈ حکام کے ہمراہ وزیر داخلہ اور دیگر آفیشلز سے ملاقاتیں کیں، جس میں انھیں ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم اگلے روز منگل کو یہ تینوں ہی ماہرین وطن واپس لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کرکٹ کیلیے خاص طور پر ڈیمسائی اور ڈووے کی واپسی فکرمندی کا باعث ہے،یہ دونوں آفیشلز ٹیم کے ہمراہ رہتے ہیں اس لیے بی سی بی کو امید تھی کہ وہ دونوں واپس نہیں جائیں گے اور کینگروز کی آمد پر انھیں جوائن کرلیں گے۔ بی سی بی کو اب بھی امید ہے کہ یہ ٹور شیڈول کے مطابق ہوگا، انھیں اپنی سیکیورٹی صورتحال پر کچھ زیادہ ہی اعتماد ہے۔دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے واضح کیاکہ ہم اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا کوئی خطرہ مول نہیں لے سکے، ہمارے ماہرین راستے میں ہیں، وہ وطن واپس پہنچ کر محکمہ خارجہ کے حکام سے ملاقات اور بورڈ کو بھی بریفنگ دینگے، اس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ بی سی بی کی جانب سے پہلے ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، یہ مقابلہ چٹاگانگ میں 9 اکتوبر سے شیڈول جبکہ دوسرا ٹیسٹ ڈھاکا میں 17 تاریخ سے شروع ہونا ہے۔ادھر آسٹریلوی فٹبال فیڈریشن بھی کرکٹ بحران پر نظر رکھے ہوئے ہے، اسے 17 نومبر کو شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائر کیلیے اپنی ٹیم ڈھاکا بھیجنی ہے ،اس میچ کا بھی دارومدار کرکٹ ٹیم کے ٹور پر ہوگا۔

وقت اشاعت : 30/09/2015 - 13:23:14