اندرونی تنازعات نے ویسٹ انڈین کرکٹ کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا

جمعرات 1 اکتوبر 2015 12:22

پورٹ آف اسپین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اکتوبر۔2015ء) اندرونی تنازعات نے ویسٹ انڈین کرکٹ کو تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا۔ابتدائی 2 ورلڈ کپ اور 2004 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ماضی کی کالی آندھی اس بار چیمپئنز ایونٹ میں جگہ تک نہیں بنا پائی، ماہرین نے اس کی وجہ بورڈ اور پلیئرز کے درمیان کئی برسوں سے جاری کشمکش کو قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اب بھی 2انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں ڈیوائن براوو اور کیرون پولارڈ کو حکام نے صرف ذاتی انا کی تسکین کی خاطر ون ڈے ٹیم سے باہر کررکھا ہے،ان کے حق میں آواز اٹھانے والے کوچ فل سیمنز کو بھی معطل کردیا گیا، انہی معاملات کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو یہ دن دیکھنا پڑا کہ اسکی جگہ بنگلہ دیشی ٹیم 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کھیلے گی۔

دریں اثنا ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو مائیکل میورہیڈ کا کہنا ہے کہ کوچ فل سیمنز کو برطرف نہیں کیا گیا بلکہ انھیں رازدارانہ معاملات پر کھلے عام بات کرنے اور اس سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر وضاحت مانگی گئی ہے، ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ 7 دن میں کرلیا جائیگا۔ یاد رہے کہ ٹیم سلیکشن میں بیرونی مداخلت پر احتجاج کرنے پر ویسٹ انڈین بورڈ نے سیمنز کو معطل کردیا تھا۔

وقت اشاعت : 01/10/2015 - 12:22:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :