انگلینڈ کرکٹرز نے زیادہ تر یہی سوال کیا کہ یو اے ای کے گرم موسم ، سپن وکٹوں پر لمبی اننگز کیسے کھیلیں؟ مہیلا جے وردھنے

بدھ 14 اکتوبر 2015 13:09

انگلینڈ کرکٹرز نے زیادہ تر یہی سوال کیا کہ یو اے ای کے گرم موسم ، سپن وکٹوں پر لمبی اننگز کیسے کھیلیں؟ مہیلا جے وردھنے

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور انگلینڈ کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مہیلا جے وردھنے نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے کرکٹرز نے ان سے زیادہ تر یہی سوال کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے گرم موسم اور سپن وکٹوں پر لمبی اننگز کیسے کھیلی جائیں؟مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ وہ کوچنگ سے بہت لطف اندوز ہورہے ہیں اور وہ اپنا تجربہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں میں منتقل کررہے ہیں لیکن یہ ایک پورا عمل ہے جسے صرف ایک دن میں نہیں سکھایا جاسکتا۔

مہیلا جے وردھنے کہتے ہیں کہ سخت اور مختلف حالات سے نمٹنے کا طریقہ جو انہوں نے ایشیا میں کھیل کر سیکھا ہے وہ اسے انگلش کرکٹرز کو بتارہے ہیں۔جے وردھنے نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی ان سے یہ پوچھتے رہے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں لمبی اننگز کیسے کھیلی جائے جس پر وہ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ بیٹنگ کے بنیادی اصولوں پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ہر چیز کو سہل اور سادہ رکھیں اور اپنی توانائی کو بچاتے ہوئے اننگز کھیلیں۔

جے وردھنے انگلینڈ کی اس پالیسی سے بہت خوش ہیں جس کے تحت وہ اپنے مستقبل کے لیے ان جیسے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کرا رہا ہے۔جے وردھنے نے جو روٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہونے کے باوجود بہت کچھ سیکھنے کی جستجو میں لگے رہتے ہیں۔یاد رہے کہ مہیلا جے وردھنے ان دنوں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

وقت اشاعت : 14/10/2015 - 13:09:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :