سابق بھارتی فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا

جمعرات 15 اکتوبر 2015 11:23

سابق بھارتی فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار15اکتوبر۔2015ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ انڈین پریمیئر لیگ کے چیئر مین راجیو شکلا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغا م میں کہا ہے کہ 37سالہ فاسٹ باؤلر نے انٹرنیشنل کر کٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اعلان وہ آج شا م پریس کانفرنس میں کریں گے تاہم انہیں امید ہے کہ ظہیر خان انڈین پریمیئر لیگ کھیلتے رہیں گے ۔

راجیو شکلا نے ریٹائرمنٹ کے بعد کے منصوبے کے حوالے سے بھی ظہیر خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ظہیر خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2000ء میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں کیا تھا اور آخری ٹیسٹ 2014ء میں بیسن ریورز کے مقام پر نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا ، انہوں نے کیریئر کے 92ٹیسٹ میچز میں 32.94کی اوسط سے 311وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک اننگز میں 11مرتبہ 5وکٹیں اور میچ میں ایک مرتبہ 10شکار بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ظہیر خان نے اپنے ون ڈ ے کیریئر کا آغاز 2000ء میں نیروبی میں کینیا کے خلاف کیا تھا اور آخری ون ڈے سری لنکا کے خلاف پالی کیلے کے مقام پر کھیلا ۔ 37سالہ فاسٹ باؤلر نے 200ون ڈے میچز میں 29.43کی اوسط سے 282وکٹیں حاصل کیں ، ایک اننگز میں ان کی بہترین پرفامنس 42رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کرنا رہی ۔ انہوں نے بھارت کے لیے 17ٹی ٹونٹی میں 26.35کی اوسط سے 17شکار بھی کیے ۔

اپنے زمانے کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں شمار ہونے والے ظہیر خان 2011ء کا عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے ،انہوں نے مذکورہ ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی کے برابر شکار کیے ۔

وقت اشاعت : 15/10/2015 - 11:23:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :