گال ٹیسٹ میں سری لنکا کی پوزیشن مستحکم،کالی آندھی پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار

جمعہ 16 اکتوبر 2015 20:02

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کی پوزیشن مستحکم،کالی آندھی پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار

گال ۔16 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اکتوبر۔2015ء) رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈین ٹیم سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 251 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، ڈیرن براوو 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہیراتھ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دوسری اننگز میں بھی ویسٹ انڈین اوپنرز دھوکہ دے گئے، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو کالی آندھی نے 2 وکٹوں پر 67 رنز بنا لئے تھے اور اسے آئی لینڈرز کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 166 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں، براوو 20 اور بیشو 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 484 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو گال ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 66 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈیرن براوو 15 اور سیموئلز 7 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ہیراتھ نے سیموئلز کو کلین بولڈ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، سیموئلز 11 رنز بنا کر چلتے بنے، بلیک ووڈ 11 رنز بنا کر پریساد کی گیند کا نشانہ بنے، 132 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈین ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب ڈیرن براوو 50 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 251 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، رامدین 23، کپتان جیسن ہولڈر 19، کیمرروئچ 22، ٹیلر 31 اور گبرائل صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ہیراتھ سری لنکا کے کامیاب باؤلر رہے، انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پریساد نے 2، پرادیپ اور کوشال نے ایک، ایک وکٹ لی۔ فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور 60 رنز پر اس کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ بریتھویٹ 34 اور ہوپ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد براوو اور بیشو نے مزید نقصان نہ ہونے دیا، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں پر 67 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 166 رنز کی ضرورت ہے۔ ہیراتھ اور سری وردنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 16/10/2015 - 20:02:06