افغانستان نے زمبابوے کو73رنز سے شکست دیکر پہلی بار ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

اتوار 25 اکتوبر 2015 14:12

افغانستان نے زمبابوے کو73رنز سے شکست دیکر پہلی بار ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

بلاویو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25اکتوبر۔2015ء) افغانستان نے فیصلہ کن معرکے میں زمبابوے کو 73 رنز سے شکست دے کر پہلی بار انٹر نیشنل سیریز اپنے نام کر لی،زمبابوے کی ٹیم 246رنز کے تعاقب میں44.1اوورز میں 172رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔زمبابوے کی جانب سے ولیمز 102رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ،افغانستان کی جانب سے دوت زردان نے 4،امیر حمزہ نے 3،راشد خان نے 2اور میر اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

قبل ازیں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 245رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے نور علی زردان 54،محمد نبی 53،اصغر ستنکزائی 38،محمد شہزاد 26اور اشرف 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضااور ماسکدزا نے 3،3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

افغانستان کی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیر یز 2-3 سے اپنے نام کر لی۔

میچ کی اہم بات یہ کہ افغانستان کی ٹیم ہیڈ کوچ انضمام الحق کی قیادت میں پہلی بار کوئی انٹرنیشنل سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ افغانستان کے دولت زردان اور زمبابوے کے ولیمز کو مشترکہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ افغانستان کے محمد نبی کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔واضح رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے 8وکٹوں،دوسرے ون ڈے میں افغانستان نے 58رنز سے اور تیسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے 6وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین 2ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پیر کو جبکہ دوسرا میچ 28اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 25/10/2015 - 14:12:48