سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 72 رنز سے ہرا کر سیریز کلین سویپ کر لی، ملندا سری وردھنے کو مین آف دی میچ اور رنگانا ہیراتھ کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا

ویسٹ انڈین ٹیم 244 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، رنگنا ہیراتھ نے 4 اور ملندا سری وردھنے نے 3 وکٹیں حاصل کیں

پیر 26 اکتوبر 2015 16:40

کولمبو۔ 26 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 72 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 244 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈیرن براوو 61 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ رنگنا ہیراتھ نے 4 اور ملندا سری وردھنے نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ملندا سری وردھنے کو مین آف دی میچ اور رنگانا ہیراتھ کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو پی سارا اوول، کولمبو میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 20 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کیلئے 224 رنز درکار تھے۔ شائی ہوپ اور ڈیرن براوو نے دوسری وکٹ میں 60 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 80 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

شائی ہوپ 35 رنز بنانے کے بعد ملندا سری وردھنے کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

سنیئر بلے باز مارلن سیموئلز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بناکر دلروان پریرا کی گیند پر اینجلو میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 102 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ گر گئی جب جرمائن بلیکووڈ 4 رنز بنانے کے بعد ملندا سری وردھنے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ دنیش رامدین پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کا نشانہ بن گئے، اسی اوور میں رنگنا ہیراتھ نے ڈیرن براوو کو 61 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان جیسن ہولڈر 7، کیمار روچ 13، جیروم ٹیلر ایک اور دیویندرا بشو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ جومل وریکین 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ رنگنا ہیراتھ نے چار، ملندا سری وردھنے نے تین جبکہ دھمیکا پرساد اور دلروان پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کے ملندا سری وردھنے کو مین آف دی میچ اور رنگانا ہیراتھ کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

وقت اشاعت : 26/10/2015 - 16:40:39