نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اورکابینہ کے صوبے میں ہاکی کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں، شکیل عباسی سابق اولمپین

جمعرات 29 اکتوبر 2015 16:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر۔2015ء ) سابق اولمپئین اور پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شکیل عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور ان کی کابینہ صوبے میں ہاکی کے فروغ کے لیے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں وہ نہ صرف قابل تعریف بلکہ نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ جس کی واضح مثال بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل امجد ستی کا ملائیشیا میں منعقد ہونے والے سلطان جوہر جونیئر ایشیاء ہاکی ٹورنامنٹ میں بحیثیت ممبر ٹیکنیکل ججز جیوری منتخب ہونا ہے، انہوں نے امجد ستی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بی ایچ اے کے صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی کوششوں سے ناصرف بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آفیشلز بلکہ کھلاڑیوں کو بھی صوبے کی نمائندگی کرنے کا موقع مل رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی ہمارا قومی ہے مگر آج کل یہ کھیل زوال کا شکار ہے جس کے لیے حکومت کو اپنا بھر پور کردار ادا کرناہوگا تاکہ ہم اپنے قومی کھیل کو اس کا کھویا ہوا مقام دوبارہ دلا کر پاکستان کا نام مزید روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

شکیل عباسی کا کہنا تھا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن نے ہاکی کے فروغ کے لیے صوبے میں متعدد ایونٹس منعقد کرائے ہیں جس کی بدولت صوبے کے نوجوانوں کو اپنا لوہا منوانے اور اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو کس طرح سامنے لایا جائے جس کے لیے بی ایچ اے کی کارکردگی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور وہ اپنا بھرپور کردار بھی ادا کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے خود بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب منعقد کرائے گئے ہاکی کے متعدد ایونٹس میں شرکت بھی کی اور مجھے خوشی ہے کہ بی ایچ اے ہاکی کی ترقی کے لیے جو کردار ادا کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہے، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، سیکریٹری جنرل امجد ستی اور دیگر عہدیداران صوبے میں ہاکی کو پروان چڑھانے کے لیے مزید مقابلوں کا انعقاد کرائے گی اور صوبے میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور صوبے کے نوجوان بھی اسی طرح نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا نام بھی روشن کرتے رہیں گے۔

وقت اشاعت : 29/10/2015 - 16:40:32