شارجہ ٹیسٹ میں انگلش کپتان الیسٹر کک اور ان کے نائب جو روٹ نشانے پر ہوں گے، ذوالفقار بابر

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 12:02

شارجہ ٹیسٹ میں انگلش کپتان الیسٹر کک اور ان کے نائب جو روٹ نشانے پر ہوں گے، ذوالفقار بابر

شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار31اکتوبر۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کے نہ ہونے سے بھی ان کی کارکردگی متاثر ہوئی اور وہ خود کو تنہا محسوس کر رہے تھے تاہم جب دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ آگئے تو ان کی کارکردگی میں بھی فرق آگیا ، اس میچ میں شعیب ملک نے اچھی بولنگ کی ، شارجہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شین وارن سے انھوں نے بھی مفید مشورے حاصل کیے اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ان کو بہت فائدہ ہو گا ۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں زیادہ اچھی تیاری کےساتھ متحدہ عرب امارات آئی ہے کیونکہ اس نے سپن بولنگ کو بہت اچھا کھیلنے والے سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کی خدمات حاصل کی تھیں ، ذوالفقار بابر نے کہا کہ وہ شارجہ ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان الیسٹرکک اور جو روٹ کی وکٹیں حاصل کرنا چاہیں گے جو سپن بولنگ کے خلاف اچھے بیٹسمین سمجھے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ذوالفقار بابر نے جو روٹ کی وکٹ حاصل کی تھی ۔ ذوالفقار بابر نے کہا کہ ابتدا میں انگلش بیٹسمینوں کو بولنگ کرتے ہوئے دشواری محسوس ہو رہی تھی لیکن اس کے بعد انھوں نے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹسمینوں کو بولروں کے قدموں سے پیدا ہونے والے نشانات سے بولنگ کرنا شروع کی ۔ کک ایسے بیٹسمین ہیں جنھیں آپ ایک ہی لائن پر بولنگ کریں گے تو وہ غلطی ضرور کریں گے ۔

ذوالفقار بابر نے کہا کہ ابوظبی ٹیسٹ میں بولنگ آسان نہ تھی لیکن انھوں نےدونوں اننگز میں 77 اوورز کی طویل بولنگ کی ۔ اپنی بولنگ پر کیچز ڈراپ ہونے پر انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ایسا ہوتا رہتا ہے ، اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ واضح رہے کہ دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ان کی گیندوں پر شان مسعود نے دو اور اسد شفیق نے ایک کیچ ڈراپ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بولرز کو اپنی لائین اور لینتھ پر گیندیں کرنا چاہئے اس سے کامیابی ملتی ہے ۔

وقت اشاعت : 31/10/2015 - 12:02:39