پاکستان کسٹمز میں مردوں کیساتھ خواتین کی ہاکی ٹیم بھی بنائی جائیگی،زاہد کھوکھر

جمعرات 5 نومبر 2015 15:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 نومبر۔2015ء)چیف کلکٹرپاکستان کسٹمز زاہد کھوکھر نے پاکستان کسٹمز کی ہاکی ٹیم بحال کرنے کا اعلان کردیا، 15سال بعدپاکستان کسٹمز کی ہاکی ٹیم کا قیام عمل میں آئیگا، ابتدائی مرحلے میں کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ پر ملازمت دی جائیگی کارکردگی بہتر ہوئی تو ملازمت میں مستقل کردیا جائیگا، مردوں کیساتھ خواتین ہاکی ٹیم بنانے کا عندیہ بھی دیدیا، ہاکی ٹیم کے قیام میں کیمپ کمانڈنٹ و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی صمصام قادرشاہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں قومی کھیل میں انکی خصوصی دلچسپی سے ہی کسٹمز ہاکی ٹیم کی بحالی کی بنیاد پڑی، فٹ بال اور مارشل آرٹس کی ٹیمیں بھی بنائی جائینگی۔

گزشتہ روزچیف کلکٹر پاکستان کسٹمز زاہد کھوکھر نے کسٹمزپریوینٹو سروس کلب اینڈ اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کمپلیکس میں جاری ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ بھی کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچ پڑتال کی اور کھلاڑیوں کو ضروری ہدایات بھی دیں، انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی کھیل ہمارا فخر ہے ماضی میں پاکستان کسٹمز کے کھلاڑیوں نے اس کھیل میں پاکستان کو شناخت دی، حسن سردار، سمیع اللہ، اصلاح الدین، فرحت خان، انوار احمد خان اوروسیم فیروز نے جو کارنامے انجام دیئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کسٹمز کے کھلاڑی سبز ہلالی پرچم کو عالمی سطح پر بلند کرتے رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آیا کہ ہاکی ان دنوں مسائل کا شکار ہے، حکومت بھی ہاکی فیڈریشن کو فنڈز نہیں دے رہی جس کا اثر براہ راست کھلاڑیوں پر پڑ رہا ہے ، اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کسٹمز نے ہاکی ٹیم کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ماضی میں ہاکی کھیلتے رہے ہیں انہوں نے سینٹر فارورڈ کی پوزیشن پر کئی ٹورنامنٹس میں حصہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے ویمنز ہاکی، فٹ بال اور مارشل آرٹس کی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اس موقع پر (ماڈل کلکٹریٹ پاکستان کسٹمز) طارق ھدیٰ، کسٹمز پریوینٹو سروس کلب اینڈ اسپورٹس کمپلیکس کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، صمصام قادرشاہ، کسٹمزپریوینٹو سروس کلب اینڈ اسپورٹس کمپلیکس کے جنرل سیکریٹری کامل حسن، ڈائریکٹر اسپورٹس کسٹمزاسپورٹس کمپلیکس اولمپئن فرحت خان،اولمپئن وسیم فیروز، اولمپئن جہانگیر بٹ،ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد علی خان، اسسٹنٹ کوچ زاہد علی صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

کلب کے جنرل سیکریٹری کامل حسن نے چیف کلکٹر کو کمپلیکس کا دورہ بھی کروایا اس موقع پر زاہد کھوکھر نے کمپلیکس میں زیر تکمیل پروجیکٹس جن میں سوئمنگ پول، والی بال، بیڈمنٹن کورٹس اور منی گالف کورس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

وقت اشاعت : 05/11/2015 - 15:53:32