پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر 239 رنز کی برتری کے باوجود بھی فالو آن نہ دیا

ہفتہ 7 نومبر 2015 12:56

پہلا ٹیسٹ، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر 239 رنز کی برتری کے باوجود بھی فالو آن نہ دیا

برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔7 نومبر۔2015ء)آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان برسبین میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن لنچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 317 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی اس طرح آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 239 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی ہے۔اصولی طور پر نیوزی لینڈ کو فالو آن ہو گئی تھی لیکن آسٹریلیا نے فالو آن نہ دے کر پھر سے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن کا آخری وکٹ گرا اور انھوں نے 140 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ایک وقت نیوزی لینڈ کی پانچ وکٹیں محض 118 رنز پر گر گئی تھی۔ دوسرے نمایاں سکورر لیتھم رہے جنھوں نے 47 رنز بنائے۔ راس ٹیلر صفر پر جبکہ کپتان برینڈم میکلم چھ رنز بناکر جانسن کا شکار ہو گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے میچل سٹارک نے چا اور میچل جانسن نے تین وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹ ہیزل وڈ، ناتھن لیئن اور میچل مارش کے حصے میں آئی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میزبان ٹیم آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اوپنر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ کی سنچریوں کی بدولت چار وکٹ پر 556 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کیا۔ڈیوڈ وارنر نے 19 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 163 رنز بنائے جبکہ عثمان خواجہ نے 16 چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 174 رنز بنائے۔ اوپنر برنز نے 71 رنز بنائے جبکہ کپتان سمتھ نے اور ایڈم ووگز نے بالترتیب 48 اور 71 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوٴدی، ٹرینٹ بولٹ، نیشم اور ویلمسن نے ایک ایک وکٹ لی۔اس سیریز میں تین ٹیسٹ میچ ہوں گے۔

وقت اشاعت : 07/11/2015 - 12:56:15