انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا

ہفتہ 21 نومبر 2015 13:06

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 نومبر۔2015ء) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ شیڈول دورہ جنوبی افریقہ کیلئے انگلینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سلیکٹرز نے نک کامپٹن، گیری بیلنس، کرس ووکس اور مارک فوٹیٹ کو ان کی حالیہ فرسٹ کلاس کارکردگی کی بنیاد پرٹیم میں شامل کرلیا لیکن آوٴٹ آف فارم اور اوسط درجے کی کارکردگی کے علاوہ انجریز میں مبتلا کھلاڑیوں این بیل، اسٹیون فن، مارک ووڈ اور عادل رشید کو ڈراپ کردیا گیا۔

انگلش ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے دوران چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ توقع ہے کہ پاکستان کیخلاف سیریز میں معین علی کی ناکام آزمائش کے پیش نظر الیکس ہیلز جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں الیسٹرکک کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ انگلش ٹیم کپتان الیسٹرکک، معین علی، جیمز اینڈرسن، جانی بیئراسٹو، گیری بیلنس، اسٹوارٹ براڈ، جوز بٹلر، نک کامپٹن، مارک فوٹیٹ،الیکس ہیلز، کرس جورڈن، سمیت پٹیل، جو روٹ، بین اسٹوکس، جیمز ٹیلر اور کرس ووکس پر مشتمل ہے۔

انگلش سلیکٹر جیمز وٹیکر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ این بیل ورلڈ کلاس پلیئر ہیں جنہیں نظرانداز کرنا مشکل فیصلہ تھا لیکن بہتر یہی سمجھا گیا کہ فارم کی بحالی کیلئے انہیں تھوڑا عرصہ آرام دیا جائے تاکہ وہ اپنی خامیوں پر کام کر سکیں جو ان کیلئے مشکلات کا باعث بنتی رہی ہیں۔ عادل رشید جنوبی افریقہ کی وکٹوں پر کامیاب نہیں ہوں گے لہٰذا انہیں ڈراپ کر کے انگلش فاسٹ بالنگ کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہوگی جس کا مقابلہ اچھی ٹیم ہی کر سکتی ہے۔

وقت اشاعت : 21/11/2015 - 13:06:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :