بنگلہ دیش پریمیر لیگ ، آل راونڈر شکیب الحسن پر ایک میچ کی پابندی عائد

جمعہ 27 نومبر 2015 16:48

بنگلہ دیش پریمیر لیگ ، آل راونڈر شکیب الحسن پر ایک میچ کی پابندی عائد

ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 27نومبر- 2015ء) مایہ ناز بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے میچ میں دودفعہ قواعد کی خلاف ورزی پر ایک میچ کی پابندی اور جرمانہ عائد کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رنگپور رائیڈرز کے کپتان شکیب الحسن نے میچ کے دوران سلہٹ سپر سٹار کے بیٹسمین دلشان منویرا کے آؤٹ ہونے پر نازیبا الفاظ استعال کئے ، اس کے علاوہ انہوں نے میچ کے 13 ویں اوور میں حریف بیٹسمین مشفیق الرحیم کے خلاف آوٹ کی اپیل کو رد کرنے پر امپائر تنویراحمد کوناشائستہ الفاظ کہے تھے جس کے بعد شکیب الحسن کو میچ میں دودفعہ قواعد کی خلاف ورزی پر ایک میچ پر پابندی کے علاوہ 20ہزار بنگلہ دیشی ٹکہ یا 250 امریکی ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا ۔

یاد رہے کہ آل راونڈر شکیب الحسن کو گزشتہ سال نامناسب رویئے پر بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے 6 ماہ کے لیے کرکٹ سے معطل کردیا تھا جومعافی مانگنے کے بعد کم کردی گئی تھی جب کہ 2014ء میں ہی سری لنکا میں ایک کیمرا مین کے ساتھ بدتمیزی پر انہیں 3 ماہ کی پابندی کی سزا بھی سنائی گئی تھی ۔

وقت اشاعت : 27/11/2015 - 16:48:12